بھارت پاکستان کو شکست دے کر ایشین کرکٹ 2025 کا چیمپئن بن گیا

بھارت نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، بھارتی ٹیم نے 147 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔

بھارت کی جانب سے تلک ورما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69 رنز کی اننگز کھیلی، شیوم ڈوبے نے 33 اور سنجو سیمسن نے 24 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 146 رنز بنائے اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوئی، فخر زمان 46 اور صاحبزادہ فرحان 57 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، دونوں نے اننگز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم باقی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور آخری 9 وکٹوں کے دوران صرف 33 رنز کا اضافہ ہو سکا۔

قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، محمد حارث، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جس سے ٹیم پر دباؤ مزید بڑھ گیا۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔

یہ بھی پڑھیں: صاحبزادہ فرحان نے بھارت کے خلاف اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیا

پاکستانی کپتان سلمان آغا نے 8 رنز کی مختصر لیکن اہم اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت صرف ایک رن بنا سکے اور صائم ایوب 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

Scroll to Top