اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں،خیبرپختونخوا ،بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اورگلگت بلتستان کے طلباء کو بھی سکالر شپس دیئے جائینگے

اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں،خیبرپختونخوا ،بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اورگلگت بلتستان کے طلباء کو بھی سکالر شپس دیئے جائینگے

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی ڈویژن میں ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹو کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یونیورسٹی آف چکوال میں منعقدہ ایک پرجوش تقریب میں وزیر اعلیٰ نے طلباء میں سکالر شپ کے چیک اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور طلباء سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔

تقریب میں طلباء نے وزیر اعلیٰ کا شاندار خیرمقدم کیا اور نشستوں سے کھڑے ہو کر تالیوں کی گونج سے ماحول خوشگوار بنا دیا۔ وزیر اعلیٰ نے طلباء کے درمیان بیٹھ کر ان سے گفت و شنید کی اور یونیورسٹی کے ایک خصوصی بصارت سے محروم بچے کو خود سٹیج سے نیچے لایا، جس سے تقریب جذباتی موڑ پر پہنچ گئی۔ ’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ کے نعرے اور ملی نغمے نے تقریب کو مزید معنی خیز بنا دیا۔

تقریب کے دوران ایک خصوصی طالب علم نے پیانو پر قومی ترانے کی دھن پیش کی، جس پر وزیر اعلیٰ نے خصوصی انعام دیا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے طلباء کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ طالبات اریدا اختر اور عمار خالد نے سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم پر اپنے جذباتی تاثرات کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کو تفصیلی بریفنگ دی گئی کہ فیز ون میں 40 ہزار طلباء کو جدید کو ر آئی سیون تھرٹین جنریشن کے لیپ ٹاپ دیے گئے تھے، جبکہ فیز ٹو میں مزید 33,311 طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ سرکاری یونیورسٹیوں، کالجز، میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر سکالر شپ دی جا رہی ہیں۔

ہونہار سکالر شپ پروگرام کے فیز ون میں 30 ہزار طلباء کو سکالر شپ دی گئی تھیں اور فیز ٹو میں بی ایس تھرڈ اور آٹھویں سمسٹر، ایم بی بی ایس کے دوسرے تا پانچویں سمسٹر کے طلباء کو 20 ہزار سکالر شپ دی جائیں گی۔ اب فیز تھری میں خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلباء کو بھی ہونہار سکالر شپ دی جائے گی۔

خیبرپختونخوا کے 11,510، بلوچستان کے 4,763، آزاد جموں و کشمیر کے 1,544 اور گلگت بلتستان کے 1,338 طلباء کو اس پروگرام کے تحت سکالر شپ دی جائیں گی۔

راولپنڈی ڈویژن میں تقریباً 3 کروڑ 22 لاکھ روپے مالیت کی 886 سکالر شپ دی جائیں گی، جن میں سرکاری یونیورسٹی کے 803 طلباء کو تقریباً 2 کروڑ 97 لاکھ روپے کے سکالر شپ دیے جائیں گے۔ سرکاری کالجز کے 52 طلباء کو 7 لاکھ روپے اور میڈیکل کالجز کے 31 طلباء کو 2 کروڑ 97 لاکھ روپے کے سکالر شپ فراہم کیے جائیں گے۔

یہ سکالر شپ پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی میڈیکل کالج، ٹیکسلا یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی چکوال، اور کوہسار یونیورسٹی کے طلباء کو دی جائیں گی۔ علاوہ ازیں، راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے سرکاری کالجز کے طلباء بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ’’ہم سب اس ملک کے ایک پرچم تلے متحد ہیں اور تعلیم کو ہر بچے کا حق سمجھتے ہیں۔ ہمارا ہدف ہر نوجوان کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں کامیابی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔

Scroll to Top