پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد عوام کیلئے ایک اور بری خبر

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد عوام کیلئے ایک اور بری خبر

پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد حکومت نے عوام کو ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 1 پیسہ فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 184 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق آج سے فوری طور پر ہو گیا ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، اور نئی قیمت 165 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل اس کی قیمت 163 روپے 42 پیسے تھی۔

یاد رہے کہ 15 ستمبر کو بھی مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 15 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 179 روپے 96 پیسے تک پہنچ گئی تھی۔

گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا تھا:پیٹرول کی قیمت 4 روپے 7 پیسے بڑھا کر 268 روپے 68 پیسے فی لیٹرہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 4 پیسے کے اضافے سے 276 روپے 81 پیسے فی لیٹر کر دی گئی تھی۔

مہنگائی کی مسلسل لہر سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس نہیں، جہاں روز مرہ کے اخراجات پہلے ہی قابو سے باہر ہیں، وہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ مزید معاشی دباؤ کا باعث بن رہا ہے۔

Scroll to Top