معذور افراد کے حقوق سے متعلق قرارداد پر پیش رفت جاننے کیلئےخیبرپختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع

شاہد جان
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں معذور افراد کے حقوق کے تحفظ سے متعلق حکومتی پیش رفت جاننے کے لیے جے یو آئی کی رکن صوبائی اسمبلی ایمان جلیل جان کی جانب سے ایک توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا گیا۔

توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی پہلے ہی معذور افراد کے حقوق کے تحفظ سے متعلق قرارداد منظور کر چکی ہے، جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لیے مختص 2 فیصد کوٹے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

نوٹس کے مطابق قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا تھا کہ معذور افراد کی سنیارٹی عام ملازمین سے علیحدہ رکھی جائے تاکہ انہیں ان کے جائز حقوق اور بر وقت ترقیاں مل سکیں۔ تاہم قرارداد کی منظوری کو ایک سال گزرنے کے باوجود تاحال کوئی واضح یا عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

ایمان جلیل جان کے توجہ دلاو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر غفلت نہ صرف آئینی اور قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی ہمدردی اور معاشرتی انصاف کے بھی منافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں بارشوں سے گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ،پی ڈی ایم اے کاالرٹ جاری

نوٹس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایوان کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے کہ قرارداد نمبر 81 پر عمل درآمد کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں اور آئندہ کا لائحہ عمل کیا طے کیا گیا ہے۔

Scroll to Top