سیاسی جماعتیں سہیل آفریدی کی راہ روکیں، یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے، سینیٹر پرویز رشید

سیاسی جماعتیں سہیل آفریدی کی راہ روکیں، یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے، سینیٹر پرویز رشید

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر پرویز رشید نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں سہیل آفریدی کو وزارتِ اعلیٰ کے منصب پر فائز ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

نجی ٹی وی چینل(جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سیاسی حمایت کی ضرورت ہوتی ہے، اور یہ حمایت ہمیشہ صوبائی حکومتوں سے حاصل کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت خود دہشت گردوں کی سہولت کار ہو، تو ریاستی ادارے اپنی کارروائیاں مؤثر طریقے سے نہیں چلا سکتے۔ انہوں نے کہا’’ہم اپنے شہداء کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو کیا جواب دیں گے کہ ہم نے اُن عناصر کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کر دیا جو دہشت گردوں کے نظریاتی یا عملی حامی رہے ہیں۔‘‘

سینیٹر پرویز رشید نے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا نعرہ تھا ’’عمران نہیں تو پاکستان نہیں‘‘ اور وہ ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنا رہے ہیں جو بقول ان کے’’پاکستان پر حملہ آور ہوتا ہے۔‘‘

انہوں نے اسے صرف سیاسی نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا’’ایسے فرد کو وزیراعلیٰ بننے سے روکنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور خیبرپختونخوا کی دیگر جمہوری قوتوں کو مل کر اس فتنے کا مقابلہ کرنا ہو گا۔‘‘

پرویز رشید کے اس سخت مؤقف نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر سہیل آفریدی کی نامزدگی پر وسیع تر اپوزیشن سامنے آئی تو خیبرپختونخوا کی سیاست میں غیر متوقع موڑ آ سکتا ہے۔

Scroll to Top