شاہد جان
پشاور:وزیراعلی ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ، صوبائی صدر جنید اکبر، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی شریک ہیں۔
اجلاس میں ایڈوکیٹ جنرل شاہ فیصل بھی موجودہیں۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے عمل سے متعلق حکمت عملی اور قانونی پیچیدگیوں پر تفصیلی غور و خوض کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ا سمبلی سیکرٹریٹ نے خیبرپختونخوااسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا اور وزیراعلی کے انتخاب کا طریقہ جاری کردیا۔
ایجنڈ کے مطابق اسمبلی کی کاروائی 13اکتوبر بروز پیر بوقت 10بجے شروع کی جائیگی۔ سپیکر کی جانب سے وزیراعلی کیلئے رائے شماری کا اعلان کیا جائیگا۔
اسمبلی سیکرٹریٹ سے وزیراعلی کے انتخاب کیلئے جاری طریقہ کار کے مطابق وزیراعلی کے نامزدگی کے کاغذات 12اکتوبر بروز اتوار سہ پہر 3بجے تک جمع کئے جائیں گے۔اسی روز سپیکر صوبائی اسمبلی چار بجے تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے جبکہ شام 5 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
جاری طریقہ کار کے مطابق پیر کے روز صبح دس بجے اجلاس شروع ہونے کے بعد ممبران صوبائی اسمبلی اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےعلی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ پیر کے روز استعفیٰ کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اس پر باقاعدہ طور پر عملدر آمد ہوگا۔





