افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے واپس بھیجا جائے گا، وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی باعزت طریقے سے کی جائے گی، اور اس حوالے سے افغان طالبان کے ساتھ معاہدہ موجود ہے جس کی تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی )سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ معاہدے میں کالعدم ٹی ٹی پی کی سرپرستی کا خاتمہ، افغان مہاجرین کی واپسی، اور تجارت کی شفافیت شامل ہے۔ اگر افغان سرزمین سے دوبارہ دراندازی ہوئی تو جنگ بندی معاہدہ متاثر ہو سکتا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ قطر اور ترکیہ نے ثالثی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ آئندہ مذاکرات 25 اکتوبر کو استنبول میں ہوں گے، جہاں مزید امور طے پائے جائیں گے۔

انہوں نے افغان حکام کے متنازع بیانات کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل چیز معاہدہ ہے، بیانات صرف عوام کو مطمئن کرنے کے لیے دیے جاتے ہیں۔

Scroll to Top