سوالات اور وارنٹ: علیمہ خان کے دعووں نے منظر نامہ بدل دیا

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سیاسی انتقام کا شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مسلسل گرفتار کرنے کے وارنٹ جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ انہیں اپنے بھائی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے گئی تھیں، لیکن پولیس نے انہیں گورکھپور ناکے پر روک دیا۔

انہوں نے بتایا کہ 7 اپریل سے عمران خان سے ملاقات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے جو آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ ہم کوئی قانون نہیں توڑ رہے، لیکن ہمارے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔

یہ لوگ روز قانون توڑتے ہیں مگر ان کے لیے کوئی سزا نہیں ہوتی۔ جب بھی ہم بانی پی ٹی آئی کا پیغام لے کر آتے ہیں تو ہمارے لیے سزا تیار ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : محمود اچکزئی کی بیٹی کی سوشل میڈیا پوسٹ مہنگی پڑ گئی، یونیورسٹی کا نوٹس جاری

انہوں نے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے، جو ایک جمہوری ملک کے لیے بڑا لمحہ فکریہ ہے۔

علیمہ خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کیا جائے اور قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے۔

Scroll to Top