پاکستان نے جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

 قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 140 رنز کا ہدف گرین شرٹس نے 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 68 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے 33 اور صاحبزادہ فرحان نے 19 رنز بنائے۔ محمد نواز اور صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ حسن نواز 5 رنز بنا سکے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوربن بوش اور لیزا ڈولیمز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے۔ ریزا ہیڈرکس 34، کوربن بوش 30، ڈونوون فریرا 29 اور ڈیوڈ بریوس 21 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان طارق اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

واضح رہےکہ پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی تھی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 19.2 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، جس کے جواب میں پاکستان نے 111 رنز کا ہدف صرف 13.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اوپنر صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ صاحبزادہ فرحان 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ کے دوران بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑ کر ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

Scroll to Top