سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے، نمازجنازہ آج ایچ-الیون قبرستان میں ہوگی

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے، نمازِ جنازہ آج سہ پہر اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے علیل تھے اور اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

سینیٹر عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ طویل عرصے تک سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی رفقاء میں شامل رہے اور مختلف ادوار میں حکومتی اور سیاسی امور پر نمایاں کردار ادا کیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق، مرحوم کی نمازِ جنازہ آج سہ پہر 4 بجے ایچ-الیون قبرستان اسلام آباد میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد وہیں تدفین عمل میں آئے گی۔

سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کی خبر سن کر سیاسی، صحافتی اور ادبی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف سیاسی رہنماؤں نے ان کی وفات پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔

عرفان صدیقی ایک دانشور، کالم نگار اور تعلیم دوست شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔ انہوں نے قومی سیاست اور فکری میدان میں نمایاں کردار ادا کیا اور اپنی تحریروں کے ذریعے عوامی شعور بیدار کرنے میں اہم حصہ ڈالا۔

Scroll to Top