سہیل آفریدی کابینہ اجلاس: صوبے کے اہم فیصلے آج سامنے آئیں گے

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے حلف اٹھانے کے بعد کابینہ کا پہلا اجلاس جمعے کو کئی دن تاخیر کے بعد ہوگا، جس کے ایجنڈے میں 53 نکات شامل ہیں۔

اجلاس میں مختلف انتظامی اور پالیسی امور کے ساتھ ساتھ حریف گورنر کے لیے لگژری گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی زیر غور آئے گی۔

کابینہ اجلاس آج 14 نومبر بروز جمعے صبح 10 بجے کیبنٹ روم پشاور میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت خود وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔ محکمہ انتظامی امور نے اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق صوبے کے متعدد اہم فیصلوں پر غور کیا جائے گا، جن میں نان اے ڈی پی اسکیموں کی منظوری، خیبرپختونخوا اسمبلی کی مشترکہ قرارداد نمبر 214، 209 اور 216 پر عمل درآمد، اور وٹنس پروٹیکشن قوانین کے ڈرافٹ کی منظوری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ختم شدہ فاٹا کے ڈی سی ملازمین کے لیے گرانٹ، آرم رولز میں ترمیم اور بیرونِ ملک ٹریننگ پر عائد پابندی میں نرمی جیسے نکات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

اجلاس میں شہدا پالیسی کے تحت بیوہ اور بچوں کی بھرتی، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے بچانے کے قوانین میں ترمیم، اور گاڑیوں کی خریداری پر پابندی میں نرمی پر بھی غور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : چیئرمین سینیٹ اور حکومت پر اپوزیشن کا فلور کراسنگ الزام

مزید برآں شندور پولو فیسٹیول میں کامیاب ٹیم کے لیے انعامی رقم، یونیورسٹی ایکٹ 2012 میں ترمیم، اور لیور ٹرانسپلانٹ کے علاج کے لیے فنڈز کی منظوری بھی اجلاس میں متوقع ہیں۔

مدین پاور پراجیکٹ کے لیے اراضی کے حصول کی درخواست بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حلف اٹھانے کے بعد ایکشن ان ایڈ آف سول پاور واپس لینے کا اعلان کیا تھا، تاہم یہ معاملہ اس اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔

کابینہ اجلاس سہیل آفریدی کی حکومت کے لیے پالیسی سمت طے کرنے کا پہلا اہم موقع ہوگا، جس میں اہم انتظامی، مالی اور قانون سازی سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔

Scroll to Top