اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی خیریت سے متعلق سوشل میڈیا، افغان اور بھارتی میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں نے سیاسی ماحول میں ہلچل پیدا کر دی، جس پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آگیا ہے۔
پی ٹی آئی کی مرکزی ترجمانی کے مطابق بانی چیئرمین کی صحت کے بارے میں گھناؤنی اور بے بنیاد افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور وزارتِ داخلہ فوری طور پر ان افواہوں کی کھلے عام تردید کرے اور عمران خان کی فیملی کو فوری ملاقات کی اجازت دی جائے۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ قوم اپنے قائد کی صحت سے متعلق کسی قسم کا ابہام برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے شفاف سرکاری بیان جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں پھیلانے والوں کی تحقیقات کر کے اصل حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی سلامتی اور بنیادی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، پارٹی افواہوں کے سدباب کے لیے ہر قانونی و سیاسی قدم اٹھائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی آئی ٹی اسٹارٹ اپس کیلئے قطر نے نئے مواقع کے دروازے کھول دیے
دوسری جانب اڈیالہ جیل حکام نے تمام افواہوں کی سختی سے تردید کر دی۔ جیل انتظامیہ کے مطابق عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں اور اڈیالہ جیل ہی میں موجود ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، ان کی صحت کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے افواہوں کا ذمہ دار افغان اور بھارتی میڈیا کی گمراہ کن مہم کو قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ فوری تردیدی بیان دیا جائے اور فیملی کو ملاقات کی اجازت دے کر معاملہ واضح کیا جائے۔





