خیبر پختونخوا میں ہر حال میں امن بحال کریں گے،وزیراعلی سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل محمد آفریدی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ہر حال میں امن بحال کریں گے۔

پشاور میں پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردی کو شکست دیکر صوبے میں ہر حال میں امن بحال کریں گے، موجودہ حالات غیر معمولی ہیں، خیبرپختونخوا 4 دہائیوں سے دہشتگردی کی زد میں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دہشتگردی کے خلاف قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے،جس جوانمردی سے پولیس دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے، اللہ تعالی کی رضا اور عوام کے مفاد کیلئے لڑیں گے توجیت ہماری ہوگی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پولیس کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے۔پولیس کو ہنگامی بنیادوں پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے، وسائل کی کمی کو سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ افسران کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہو گی مگر رزلٹ دینا ہو گا، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، کسی کو کوئی رعایت نہیں ہو گی، سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز سے ناپی جائے گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا جن لوگوں کا کام انصاف دینا ہوتا ہے وہ نہیں دے پاتے جس سے چیزیں خراب ہوتی ہیں، ہم نےبانی پی ٹی آئی کےویژن کےمطابق عوام کو ریلیف دینا ہے، ہم نے عوام کیلئےہی فیصلہ سازی کرنی ہے۔

Scroll to Top