نیویارک میں پہلی بار ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کا روڈ شو، قومی کھلاڑیوں کی شرکت

پہلی بار ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کا روڈ شو امریکا کے شہر نیویارک میں منعقد ہوا۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ ہوا اور اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

روڈ شو میں قومی مینز کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑی شریک تھے جن میں سلمان علی آغا، ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، شان مسعود اور سعود شکیل شامل تھے۔

یہ پروگرام پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عالمی حکمت عملی کا حصہ ہے اور پاکستان کرکٹ کی ترقی میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

رضوان سعیدشیخ نے کہا کہ کھیل سفارتکاری اور ثقافتوں کے تبادلے کا بڑا ذریعہ ہیں جبکہ سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگ ہے اور کھیلوں کے ذریعے لوگ ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں۔

وسیم اکرم نے روڈ شو کے دوران کہا کہ پی ایس ایل میں تمام کھلاڑی زبردست کرکٹ کھیلتے ہیں اور یہ نوجوان ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرتا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود نے کہا کہ میں صرف پی ایس ایل دیکھنے جاتا تھا، لیکن اب اس کا حصہ بننا فخر کی بات ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل اور پی سی بی کی انتظامیہ کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہمارے قومی کرکٹرز میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع مل رہا ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹیموں کی نیلامی کی تاریخ 15 دسمبر مقرر کی گئی تھی اور دو نئی ٹیموں کی بڈ کی تاریخ 22 دسمبر رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف لیگ کے چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل کے مداح نکلے،میچ کرانے کا عندیہ دیدیا

روڈ شو کے دوران شرکا نے پی ایس ایل کی کامیابی، سرمایہ کاری کے مواقع اور بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے اور یہ تمام پاکستانیوں کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔

Scroll to Top