9مئی بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید کا مشترکہ منصوبہ تھا،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید کا مشترکہ منصوبہ تھا۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے 9 مئی کے واقعے سے متعلق اہم بیانات دیے ہیں اور الزام عائد کیا ہے کہ یہ منصوبہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف اور فیض حمید کا مشترکہ اقدام تھا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور بانی پی ٹی آئی اکیلے یہ سب کچھ نہیں کر سکتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بلا کر کہا گیا کہ نواز شریف کے بیان کی مذمت کر دیں لیکن انہوں نے واضح کیا کہ نواز شریف ان کے لیڈر ہیں اور وہ اس بیان کی مذمت نہیں کر سکتے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ انہیں کہا گیا کہ مذمت کر دیں تو ان کے نیب کیسز ختم ہو جائیں گے مگر انہوں نے یہ قابل قبول نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ معاملہ عدلیہ کی طرف بھی جانا چاہیے، جو نواز شریف سے اپیل کا حق بھی چھین چکی ہے۔

خواجہ آصف نے اپنی حکومت کے دوران جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے مطالبے کا بھی ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ جنرل باجوہ نے کہا کہ اگر توسیع نہ ملی تو وہ ٹیک اوور کر دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثناء اللہ کے سابق آرمی چیف اور فیض حمید کے حوالے سے دلچسپ دعوے

وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنااللہ نے بھی باجوہ اور فیض حمید پر الزامات لگائے، رانا ثناء اللہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے حوالے سے دلچسپ دعوے کیے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ایک ملاقات میں جنرل باجوہ نے فیض حمید سے کہا کہ رانا بہت موٹا ہو گیا ہے، اسے دوبارہ اسمارٹ بناؤ۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ انہوں نے اس موقع پر جنرل باجوہ کو یاد دلایا کہ مجھ پر مقدمہ آپ نے ہی بنایا، اللہ اس دنیا ہی میں اس کا حساب کرے گا۔

Scroll to Top