ہیڈفون لگائیں اور زبان سمجھیں، گوگل کا نیا فیچر متعارف

گوگل نے اپنی مشہور سروس گوگل ٹرانسلیٹ کے لیے ایک اہم اور انقلابی اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے۔

گوگل نے ایسا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس سے ہیڈفونز کے ذریعے بولی جانے والی زبان کا حقیقی وقت میں براہِ راست ترجمہ ممکن ہو گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ جدید فیچر گفتگو کرنے والے کی آواز، اندازِ بیان اور لہجے کو برقرار رکھتے ہوئے ترجمہ فراہم کرتا ہے جس سے غیر ملکی زبانوں میں گفتگو، لیکچرز اور میڈیا مواد کو سمجھنا کہیں زیادہ آسان ہو جاتا ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ یہ نیا فیچر جمعرات، 12 دسمبر کو بیٹا مرحلے میں جاری کیا گیا ہے جس کے استعمال کے لیے صرف ایک اینڈرائیڈ فون اور گوگل ٹرانسلیٹ ایپ درکار ہوگی۔

گوگل کے مطابق اس سہولت کے ذریعے صارفین 70 سے زائد زبانوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے ترجمے سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ترجمے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی اپنے جدید ٹول ’جیمنائی کا استعمال کیا جائے گا خاص طور پر ان جملوں اور فقروں کے لیے جن کے مفاہیم زیادہ باریک یا پیچیدہ ہوتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اپ ڈیٹ کے تحت گوگل ٹرانسلیٹ میں متن کے لیے نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں ہیڈفونز کے ذریعے آواز سے آواز کے ترجمے کا بیٹا تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے اور زبان سیکھنے اور مہارت بڑھانے کے لیے ایپ میں نئی زبانوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ فیچر اس سے قبل صرف پکسل بڈز تک محدود تھا تاہم نئے بیٹا ورژن کے تحت اب کسی بھی قسم کے ہیڈفونز کو حقیقی وقت میں یک طرفہ ترجمے کے آلے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سال 2025 میں گوگل پر پاکستانیوں نے کیا سرچ کیا؟دلچسپ رپورٹ سامنے آگئی

یہ بیٹا فیچر فی الحال امریکا، میکسیکو اور بھارت میں متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ گوگل کا کہنا ہے کہ 2026 میں اس سہولت کو آئی او ایس اور دیگر ممالک تک بھی توسیع دی جائے گی۔

Scroll to Top