پی ایس ایل 11 کب شروع ہوگی؟ حتمی تاریخ سامنے آگئی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شائقین کے لیے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی جانب سے پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

اعلان کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا اگلا سیزن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا، جبکہ لیگ میں شامل ہونے والی نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری کو منعقد ہو گی۔

تاریخ میں پہلی بار امریکا کے شہر نیویارک میں پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اہم اعلانات کیے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن آئندہ سال 26 مارچ کو شروع ہوگا اور فائنل میچ 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق رواں سیزن میں فیصل آباد کو بھی پی ایس ایل کے میچز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگا جہاں مجموعی طور پر 11 میچز کھیلے جائیں گے، جس سے شہر میں کرکٹ سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ نئی ٹیموں کی نیلامی کے لیے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے باعث نیلامی کی نئی تاریخ 8 جنوری مقرر کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو عالمی سطح پر مزید کامیاب بنانے کے لیے پی سی بی اور لیگ انتظامیہ بھرپور کوششیں کر رہی ہیں، جبکہ پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ بھی حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک مضبوط برانڈ بن چکی ہے اور کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیویارک میں پہلی بار ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کا روڈ شو، قومی کھلاڑیوں کی شرکت

انگلینڈ میں کامیاب روڈ شوز کے بعد نیویارک میں پہلی بار ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا روڈ شو منعقد کیا گیا جس کا مقصد 8 جنوری کو ہونے والی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا۔

نیویارک روڈ شو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے علاوہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، ابرار احمد، فہیم اشرف، سعود شکیل، شان مسعود، سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجہ اور دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔

Scroll to Top