یوکرین،روس تنازع میں نیا موڑ: معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری راستوں سے منشیات کی ترسیل میں 94 فیصد کمی واقع ہو چکی ہے جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف زمینی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یوکرین اور یورپی رہنماؤں کے ساتھ جنگ بندی کے حوالے سے مثبت بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین،روس تنازع کے خاتمے کے لیے معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اس تنازع میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور یورپی لیڈروں کی جانب سے انہیں مکمل حمایت حاصل ہے۔ صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی اس حوالے سے بات چیت ہو چکی ہے۔

منشیات کے خلاف مہم پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ فینٹانول وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والا اسلحہ ہے جو کیریبئن کے راستے اسمگل کیا جاتا ہے۔

غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میکسیکو بارڈر سے غیر قانونی داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ بائیڈن کے دور میں 25 ملین افراد غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے میڈیا پر بھی تنقید کی اور اعلان کیا کہ بی بی سی کے خلاف جلد قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی  پڑھیں : یوکرین میں امریکی ضمانت کے ساتھ ملٹی نیشنل امن فوج تعینات ہوگی، یورپین قیادت

مشرق وسطیٰ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے حماس کے ایک رہنما کو نشانہ بنانے کے بعد سیز فائر کی ممکنہ خلاف ورزی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

داخلی سلامتی کے امور پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، جبکہ شام میں امریکی فوج پر حملہ کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اپنی سلامتی، سرحدوں اور عالمی امن کے معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گا اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

Scroll to Top