مولانا فضل الرحمٰن کی 21 دسمبر کو کراچی آمد، عوامی جلسے سے خطاب کرینگے

مولانا فضل الرحمٰن کی 21 دسمبر کو کراچی آمد، عوامی جلسے سے خطاب کرینگے

شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کی متوقع شرکت کے ساتھ، مولانا فضل الرحمٰن کراچی میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن 21 دسمبر کو کراچی میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ یہ جلسہ لیاری کے عثمان پارک میں ’’تحفظ مدارس کانفرنس‘‘کے عنوان سے منعقد کیا جائے گا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان کے مطابق علامہ راشد محمود سومرو نے بتایا کہ یہ جلسہ اس بات کا ثبوت ہوگا کہ لیاری اسلام پسندوں کا گڑھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسے میں شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کی خصوصی شرکت بھی متوقع ہے، جس سے اس اجتماع کی اہمیت اور بڑھ جائے گی۔

جلسے کی کامیاب میزبانی کے لیے سکیورٹی، انتظامات، رابطہ اور میڈیا کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ پارٹی قیادت نے باقاعدہ تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے تاکہ عوامی اجتماع باہمی ہم آہنگی اور محفوظ طریقے سے منعقد ہو۔

سیاسی حلقوں کے مطابق اس جلسے سے کراچی میں سیاسی اور مذہبی ماحول پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے، جبکہ عوامی شرکت کی تعداد اور انتظامات کی کامیابی سب کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا یہ جلسہ نہ صرف عوامی حمایت کو ظاہر کرے گا بلکہ لیاری میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی سیاسی اور مذہبی قوت کی بھی علامت سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top