سڈنی فائرنگ کے ملزمان نے نومبر میں بھارتی پاسپورٹس پر فلپائن کا سفر کیا، آئی ایس آئی ایس کے جھنڈے بھی برآمد
تفصیلات کے مطابق سڈنی ساحل پر فائرنگ کے واقعے کے دونوں ملزمان نے نومبر میں بھارتی پاسپورٹس پر فلپائن کا سفر کیا۔ فلپائن امیگریشن کے مطابق ملزمان نے ڈاواؤ شہر کو اپنی آخری منزل ظاہر کیا اور یکم سے 28 نومبر کے درمیان فلپائن میں قیام کے بعد سڈنی واپس روانہ ہوئے۔
دوسری جانب فلپائن کی فوج نے کہا ہے کہ ملزمان کی عسکری تربیت کی فوری تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ آسٹریلوی پولیس فلپائن کے سفر کے مقصد کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ملزمان کے پاس آئی ایس آئی ایس کے جھنڈے بھی پائے گئے ہیں، جس سے معاملے کی سنگینی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ سڈنی حملہ آور، جو باپ اور بیٹے ہیں، نے نومبر میں بھارتی پاسپورٹس استعمال کرتے ہوئے فلپائن کا سفر کیا۔ اس واقعے نے بین الاقوامی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے اور آسٹریلوی حکام مزید شواہد اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں تاکہ حملے کے پس پردہ مقاصد اور ممکنہ روابط کا تعین کیا جا سکے۔
سڈنی واقعے کے بعد بین الاقوامی ادارے اور مقامی حکام اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ایسے حملوں کے خطرات اور بین الاقوامی سفر کے مشکوک پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جائے۔





