وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ احساس ریڑھی بان پروگرام کےتحت قانون کومنظوری دیکر اسمبلی میں پیش کیاجائےگا۔
خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے شفیع جان نے کہاکہ صوبے میں اس وقت ایک لاکھ چالیس ہزار ریڑھی بان موجود ہیں اور ان کے لیے تمام شہری علاقوں میں مخصوص مقامات مختص کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایاکہ کابینہ اجلاس میں اپر سوات کے لیے نئے ضلع کی منظوری دی گئی ہے جس کا ہیڈکوارٹر مٹہ ہوگا۔
اجلاس میں سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی استعداد بڑھانے کے لیے بالترتیب سترہ ارب اور چودہ ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی اور ان اداروں کو مزید جدید اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
شفیع جان نے بتایا کہ صوبے میں ڈیجیٹل پیمنٹ کے نظام کی بھی منظوری دی گئی ہے اور ابتدائی طور پر سرکاری ایک سو ستر سروسز میں سے اکیس سروسز کو ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا آنے والے سال دو سو بیس ارب روپے کے سرپلس بجٹ کی ہدایت دے چکی ہے اور جون 2026 تک یہ سرپلس بجٹ مکمل کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔





