وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اب بانی تحریکِ انصاف کے لیے’’گڈ ٹو سی یو‘‘ والا معاملہ نہیں رہا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کسی کو بھی عدم استحکام پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی 9 مئی کے بعد بند گلی میں داخل ہو گئی ہے اور ریاست کے خلاف بیانیہ بنانے والوں سے بات چیت ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے بھی رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اسے قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ توشہ خانہ میں تحائف ہمیشہ انفرادی حیثیت میں نہیں دیے جاتے اور یہ معاملہ شفاف اور قانون کے مطابق ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کےحوالے سے انکا کہنا تھا کہ ملاقاتیں جیل مینوئل کے مطابق ہوں گی، کسی کی خواہش کے مطابق نہیں۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ماضی میں دیانتداری کا لباس اوڑھا ہوا تھا لیکن اب ملکی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی قیادت کو سزائیں، 9 مئی واقعات کے منطقی انجام کی جانب اہم قدم
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور قانون ہر کسی کے لیے برابر ہے۔





