پاکستان تحریک انصاف نے توشہ خانہ ٹو کیس میں جاری عدالتی فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام آج بھی تحریک چلانے کے لیے تیار ہیں،ہم 26 ویں ترمیم سے پہلے بھی عدلیہ سے خوش نہیں تھے اور آج بھی نہیں ہیں۔
محمود اچکزئی اور ناصر عباس ہمارے اپوزیشن لیڈر ہیں اور نوٹیفکیشن کی پرواہ نہیں، اپوزیشن لیڈرز چاہیں تو ڈائیلاگ کریں یا احتجاج، ہم ان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت مقبول قائد صرف بانی پی ٹی آئی ہیں اور 26 ویں ترمیم سے پہلے بھی عدلیہ نے بانی پی ٹی آئی کو سزا دی تھی۔
اسی دوران اسد قیصر نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ سیاسی انتقام ہے اور حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، ان کے مطابق ہمارے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالتی فیصلہ ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا، آج کا فیصلہ تاریخ کا بدترین فیصلہ ہے اور انصاف کے تمام دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اب بانی پی ٹی آئی کے لیے ’’گڈ ٹو سی یو‘‘ والا معاملہ ختم ہوگیا ، عطا تارڑ
واضح رہے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اب بانی تحریکِ انصاف کے لیے’’گڈ ٹو سی یو‘‘ والا معاملہ نہیں رہا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی 9 مئی کے بعد بند گلی میں داخل ہو گئی ہے اور ریاست کے خلاف بیانیہ بنانے والوں سے بات چیت ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے بھی رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اسے قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔





