ملک بھر میں نئی امنگوں، امیدوں اور خوابوں کے ساتھ سال 2026 کا پہلا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوگیا۔ نئے سال کی پہلی صبح نے شہریوں کے دلوں میں خوشی، امید اور ایک بہتر مستقبل کی توقعات جگا دیں۔
نئے سال کے پہلے طلوعِ آفتاب کا نظارہ کرنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد ساحلی علاقوں، پارکوں، پہاڑی مقامات اور دیگر کھلے مقامات پر جمع ہوئی۔ لوگوں نے اس خوبصورت اور یادگار لمحے کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا اور ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ کئی مقامات پر شہریوں نے بچوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ اس منظر سے لطف اٹھایا۔
نئے سال کے آغاز پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جہاں ملکی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ علما کرام نے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ قوم اتحاد، صبر اور محنت کے ذریعے مشکلات پر قابو پا سکتی ہے۔ دعاؤں میں اللہ تعالیٰ سے درخواست کی گئی کہ وہ پاکستان کو درپیش معاشی اور سماجی چیلنجز سے نجات عطا فرمائے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پوری قوم 2026 میں ملک کی معاشی بہتری کے لیے پُرامید ہے۔ عوام نے دعا کی کہ نیا سال سب کے لیے خوشیاں، سکون، روزگار کے بہتر مواقع اور کامیابیاں لے کر آئے۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ 2026 نئی سوچ، نئے حوصلوں اور مثبت تبدیلیوں کا سال ثابت ہوگا۔
متعدد شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نئے سال کا آغاز مثبت سوچ، محنت اور ایمانداری کے ساتھ کریں گے۔ کئی افراد کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ 2026 میں وہ خواب پورے ہوں گے جو گزشتہ برس مختلف وجوہات کی بنا پر ادھورے رہ گئے تھے۔
یاد رہے کہ نئے سال کی آمد پر رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں جشن کا آغاز ہوگیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کی گئی، جبکہ نوجوانوں اور منچلوں نے سڑکوں پر نکل کر خوشی کا اظہار کیا۔ نئے سال کی خوشی میں ہلہ گلہ، موسیقی اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری رہا۔
نیا سال قوم کے لیے نئی امیدوں اور بہتر مستقبل کا پیغام لے کر آیا ہے، اور عوام پرامید ہیں کہ 2026 پاکستان کے لیے ترقی، استحکام اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔





