پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے صوبائی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
بدھ کو پشاور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت اور بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری کھیل محمد آصف، ڈائریکٹر امور نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد، اور بینک آف خیبر کے حکام جواد تاجک و محمد عمران سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں بینک آف خیبر اور محکمہ کھیل و امور نوجوانان نے مشیر کھیل کو یوتھ لون پروگرام، احساس نوجوان پروگرام، انصاف روزگار پروگرام کے طریقہ کار، سہولیات، مسائل اور درپیش چیلنجز سے تفصیلی آگاہ کیا۔
مشیر کھیل نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے قرضہ اسکیم (یوتھ لون) کی آگاہی مہم کو تیز کرنا وقت کی ضرورت ہے اور شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری: جدید لینڈ ریکارڈ سسٹم نافذ
تاج محمد خان ترند نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے گریوینس کمیٹی کو فعال بنایا جائے تاکہ نوجوان تکنیکی مسائل کا شکار نہ ہوں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ بہت جلد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کر کے اس پروگرام کے فنڈز اور دورانیے کو مزید بڑھانے کی سفارش کریں گے۔
مشیر کھیل نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں، خصوصاً خواتین کے لیے گارمنٹس، ہینڈی کرافٹس اور دیگر روزگار کے مواقع کو فروغ دینا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔





