ماہرین غذائیت کے مطابق انڈے صحت کے لیے بہترین سپر فوڈ ہیں اور روزانہ اعتدال میں کھانے سے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
انڈوں کے بارے میں مختلف آراء پائی جاتی ہیں، کبھی یہ صحت بخش غذا کہے جاتے ہیں اور کبھی کولیسٹرول یا وزن بڑھنے کا سبب قرار دیا جاتا ہے، تاہم ماہرین نے اس الجھن کو دور کرتے ہوئے واضح اور سادہ جوابات فراہم کیے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈے بہترین ناشتہ ہیں کیونکہ یہ زیادہ دیر تک معدہ بھرا رکھتے ہیں اور غیر ضروری بھوک کو کم کرتے ہیں۔
فیٹی لیور کے مریض بھی اعتدال میں انڈے کھا سکتے ہیں کیونکہ ان میں موجود پروٹین جگر کی صحت کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق زیادہ تر صحت مند افراد میں انڈے کولیسٹرول کو بڑھاتے نہیں ہیں کیونکہ جسم خود کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزن کم کرنے والے افراد کے لیے بھی انڈے مفید ہیں کیونکہ یہ پیٹ کی چربی کم کرنے اور بھوک کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہیں۔
انڈوں میں تقریباً صفر کاربوہائیڈریٹس ہوتے ہیں، اس لیے یہ بلڈ شوگر کو متاثر نہیں کرتے اور شوگر یا انسولین کے مسائل رکھنے والے بھی ان کا بلا خطرہ استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری: الیکٹرک بائیکس پر زبردست آفر
انڈے کافی یا گرین ٹی کے ساتھ کھانے سے بھی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر انڈے معدے میں گیس یا اپھارہ پیدا نہیں کرتے، لیکن اگر کسی کو شکایت ہو تو مقدار یا انڈے کھانے کا طریقہ تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
کچے انڈے کھانے سے سختی سے پرہیز کیا جائے کیونکہ اس سے سالمونیلا انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ پکے ہوئے انڈوں کا پروٹین زیادہ مؤثر طریقے سے جسم میں جذب ہوتا ہے۔
انڈے کھانے کے محفوظ اور بہترین طریقے میں ابلا ہوا، پوچڈ، اسکریمبل یا آملیٹ شامل ہیں۔ بالغ افراد کے لیے روزانہ ایک سے دو مکمل انڈے کھانا کافی اور محفوظ سمجھا جاتا ہے۔





