انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے جہاں پہلی بار کسی آئی سی سی کے بڑے ایونٹ میں باقاعدہ اردو کمنٹری متعارف کروا دی گئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ شائقین کے لیے براڈکاسٹنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی غرض سے اردو کمنٹری فیڈ شروع کی گئی ہے، جو خاص طور پر پاکستان کے میچز کے دوران دستیاب ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی بی نے آئی سی سی کو بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی وجوہات بتادیں
اس نئی سہولت کا باقاعدہ آغاز پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ سے ہوا، جہاں وسیم اکرم، رمیز راجہ اور بازید خان نے اردو زبان میں کمنٹری کے فرائض انجام دیے۔
آئی سی سی کے آفیشل کمنٹری پینل میں پاکستان کے چار نامور سابق کرکٹرز وسیم اکرم، وقار یونس، رمیز راجہ اور بازید خان شامل ہیں، جو انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو کمنٹری فیڈ کا بھی حصہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی 20ورلڈ کپ ! پاکستان نے نیدر لینڈز کو شکست دیدی
پاکستان میں اردو کمنٹری پی ٹی وی نیشنل پر براہ راست نشر کی جا رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تماشا، اے آر وائی زیپ اور ٹیپ میڈ کے ذریعے بھی شائقین اردو کمنٹری سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ میگا ایونٹ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، جس میں مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل مقابلہ 8 مارچ کو منعقد ہوگا۔





