ملتان سلطانز کی نیلامی، پی ایس ایل کی تاریخ بدلنے کا امکان

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی آج شام چھ بجے لاہور میں منعقد ہو گی، جسے کرکٹ شائقین کے لیے براہِ راست پی سی بی کے آفیشل چینل پر نشر کیا جائے گا۔

نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

پی سی بی حکام کے مطابق نیلامی کے لیے پانچ کمپنیوں کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا ہے، جو آج آکشن کے عمل میں حصہ لیں گی۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ پورے عمل میں شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔

پی ایس ایل مینجمنٹ کی جانب سے ملتان سلطانز کی نیلامی کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کیا گیا تھا، جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں خاصی گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

نیلامی میں علی ترین بھی بطور بڈر شامل ہیں، جو گزشتہ برس فرنچائز چھوڑنے کے بعد ایک بار پھر ملتان سلطانز کو واپس حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتر آئے ہیں۔

کرکٹ ماہرین اور حلقوں کا کہنا ہے کہ اس نیلامی کے بعدملتان سلطانز کے مستقبل سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئے گی، جس پر نہ صرف فرنچائز کے مداح بلکہ پورے پی ایس ایل کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ آج ہونے والا آکشن لیگ کے آئندہ سیزنز کے لیے اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رہائشیوں کے لیے بڑی خوشخبری: ایمریٹس آئی ڈی کارڈ کا نیا عمل سامنے آ گیا

دوسری جانب پی ایس ایل سے متعلق ایک اور بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی کراچی کنگز کا حصہ بن گئے ہیں، جس سے ٹیم کی مضبوطی میں اضافہ متوقع ہے۔

ملتان سلطانز کی نیلامی اور دیگر اہم پیش رفت کے باعث پی ایس ایل ایک بار پھر خبروں کی زینت بن چکا ہے، اور شائقین بے چینی سے شام چھ بجے کے آکشن کا انتظار کر رہے ہیں۔

Scroll to Top