پاکستان میں غربت کی شرح 28.9 فیصد تک پہنچ گئی

پاکستان میں غربت کی شرح 28.9 فیصد تک پہنچ گئی، 7 سال کے دوران چاروں صوبوں میں غربت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ملک میں غربت کی تازہ ترین رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں غربت کی شرح بڑھ کر 28.9 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں غربت 11 فیصد سے بڑھ کر 17.4 فیصد ہو گئی ہے۔

یہ اعدادوشمار گزشتہ 7 سال میں پہلی بار جاری کیے گئے ہیں اور ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ چاروں صوبوں میں غربت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

صوبائی بنیادوں پر اعداد و شمار کے مطابق، پنجاب میں غربت 16.5 فیصد سے بڑھ کر 23.3 فیصد، سندھ میں 24.5 فیصد سے بڑھ کر 32.6 فیصد، خیبرپختونخوا میں 28.7 فیصد سے بڑھ کر 35.3 فیصد جبکہ بلوچستان میں 41.8 فیصد سے بڑھ کر 47 فیصد ہو گئی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے غربت میں اضافے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی کے عدم تسلسل، کورونا وبا، آئی ایم ایف پروگرام اور روپے کی قدر میں کمی نے مہنگائی کے ذریعے عوام پر دباؤ بڑھایا۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے غربت کے تخمینوں کو سمجھنا ضروری ہے اور غربت کے خاتمے کے بغیر معیار زندگی بہتر نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں:   غربت، مہنگائی اور معاشی بدحالی: چائلڈ لیبر کی بنیادی وجوہات سامنے آ گئیں

احسن اقبال نے کہا کہ معاشی ناہمواری ختم کرنا اور معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کے اہم ہدف ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اڑان پاکستان کے تحت نظم و ضبط اور پالیسی کے تسلسل کے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔

Scroll to Top