ٹی 20 ورلڈ کپ: زمبابوے کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے سامنے ریت کا ڈھیر ثابت ہوگئی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک اہم مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 107 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر اپنی طاقت کا لوہا منوا لیا ہے۔

ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم کا آغاز اگرچہ سست رہا لیکن شمرون ہیٹمائر اور رومین پاول کی جارحانہ بلے بازی نے زمبابوے کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

دونوں بیٹرز نے میدان کے چاروں طرف چھکوں اور چوکوں کی بارش کرتے ہوئے رنز بنانے کا جو سلسلہ شروع کیا اسے آنے والے کھلاڑیوں نے بھی برقرار رکھا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمرون ہیٹمائر نے 85 اور کپتان رومین پاول نے 59 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جہاں دونوں نے مجموعی طور پر 11 چھکے اور 11 چوکے لگائے۔ اننگز کے آخری لمحات میں شرفین ردرفورڈ نے 31، روماریو شیفرڈ نے 21 اور جیسن ہولڈر نے 13 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعی اسکور مقررہ 20 اوورز میں 254 رنز تک پہنچا دیا۔

یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ٹوٹل ہے جس نے زمبابوے کے بولرز کو بے بس کر کے رکھ دیا۔

زمبابوے کی طرف سے موزاربانی اور اینگراوا نے دو دو جبکہ بریڈ ایونز اور کریمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی مگر وہ رنز کی رفتار روکنے میں ناکام رہے۔

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور وہ بیٹرز جو آسٹریلیا اور سری لنکا جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کا حوصلہ رکھتے تھے، ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتے گئے۔

زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ مزاحمت نویں نمبر پر آنے والے کھلاڑی بریڈ ایونز نے دکھائی جنہوں نے 43 رنز بنائے لیکن وہ شکست کا مارجن کم کرنے کے علاوہ کچھ نہ کر سکے۔

ویسٹ انڈیز کے اسپنرز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا جس میں گڈاکیش موتی نے 4 اور اکیل حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے زمبابوے کی کمر توڑ دی۔

واضح رہے کہ اسی گروپ کے گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو شکست دی تھی جس کے بعد اب پوائنٹس ٹیبل پر صورتحال مزید دلچسپ ہوگئی ہے

Scroll to Top