سیکیورٹی فورسزکی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کاروائیاں،34 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسزکی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کارروائیاں،34 دہشت گرد ہلاک

سیکورٹی فورسز نےبلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی مختلف کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج اورفتنۃ ہندوستان کے 34 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق 24 فروری 2026 کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں چار علیحدہ مقابلوں میں فتنۃ الخوارج کے 26 دہشت گرد مارے گئےجبکہ بلوچستان کے علاقے سمبازہ میں ایک کارروائی کے دوران فتنۃ ہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے ایک گروہ نے دراندازی کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔

دیگر کارروائیوں میں لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خوارج مارے گئے، جبکہ بنوں کے علاقے نرمی خیل میں دو مختلف مقابلوں میں 10 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔

اسی طرح شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

بلوچستان کے ضلع ژوب میں سمبازہ کے مقام پر ہونے والے پانچویں مقابلے میں فتنۃ ہندوستان کے 8 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کلین اپ آپریشنز جاری رہیں گے۔

Scroll to Top