تہران: ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ایرانی فوج کے 7 اعلیٰ کمانڈر شہید ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ ہلاکتیں حالیہ فضائی کارروائیوں کے دوران ہوئیں، جن میں ایران کے اہم فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایجنسی نے بتایا کہ شہداء میں بسیج کے میجر جنرل شہید محمد شیرازی شامل ہیں، جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے دفتر کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اسی طرح بریگیڈیئر جنرل شہید صالح اسدی بھی ان حملوں میں جان کی بازی ہار گئے، جو جنرل اسٹاف آف آرمڈ فورسز میں انٹیلی جنس کے نائب سربراہ تھے۔
رپورٹ میں مزید ہلاک ہونے والے دیگر کمانڈرز کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں، تاہم مکمل معلومات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایران میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے جاری ہیں اور اب تک 1000 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
امریکی بیان کے مطابق ان اہداف میں پاسداران انقلاب کا ہیڈکوارٹر اور آئی آر جی سی ایرو اسپیس فورسز کا ہیڈکوارٹر بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن، 32 افراد گرفتار
امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی بیلسٹک میزائل سائٹس اور ایرانی بحریہ کے جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے اور صورتحال انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔





