اسلام آباد میں آج اہم سفارتی مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوا، جس کے دوران وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس سے اہم ملاقات کی۔
امریکی نائب صدر کے ہمراہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔ جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ سینیٹر سید محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے تعمیری اور مثبت بات چیت کے عزم کو سراہا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مذاکرات خطے میں دیرپا اور پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
وزیراعظم نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سہولت کاری کا کردار جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور تمام فریقین کے درمیان پیش رفت کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن کے فروغ کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔





