شاہد جان
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے سابق مئیر مردان حمایت اللہ مایار کو پارٹی ڈسپلن اور آئینی اصولوں کی مبینہ خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حمایت اللہ مایار سے تین دن کے اندر وضاحت طلب کی گئی ہے کہ آیا وہ بیک وقت کسی دوسری تنظیم کے رکن ہیں اور اگر ہیں تو کیا یہ عمل اے این پی کے آئین کے مطابق ہے؟
نوٹس میں اس امر پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ جس تنظیم کے ساتھ ان کی وابستگی کی اطلاعات ہیںاس کا مقصد پختونوں کو قبائلی بنیادوں پر تقسیم کرنا ہے جو کہ باچا خان بابا کے فلسفے اور جدوجہد کے سراسر منافی ہے۔
پارٹی ہمیشہ قبائلی تقسیم کے خلاف اور پختون قوم کے اتحاد، شعور اور ترقی کیلئے جدوجہد کرتی رہی ہےاور کسی بھی رکن کی جانب سے اس نظریے سے انحراف برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پارٹی نے متنبہ کیا ہے کہ تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی آئین کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





