مذاکرات کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زبردست کام کیا، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پاکستان نے انتہائی اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے، اور اگر ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا تو وہ خود اسلام آباد کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے ساتھ جنگ بندی اور مذاکراتی عمل میں زبردست کام کیا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اگر مذاکرات کامیاب ہوگئے تو اسلام آباد جاؤں گا، ٹرمپ کا اعلان

امریکی صدر کے مطابق ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر آمادگی ظاہر کر چکا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاہدہ طے پانے کے قریب ہے اور اگلا اہم مذاکراتی دور رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مؤثر انداز میں بات چیت کر رہا ہے اور اگر معاہدے پر دستخط اسلام آباد میں ہوئے تو وہ اس تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آ سکتے ہیں۔

ان کے بقول ایران اب ان نکات پر بھی آمادہ ہو رہا ہے جن پر پہلے رضامند نہیں تھا، جبکہ افزودہ یورینیم امریکا کے حوالے کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی جا رہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہو سکا تو خطے میں دوبارہ کشیدگی اور جنگ کا خدشہ موجود ہے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے اور صورتحال بہتر سمت میں آگے بڑھے گی۔

علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر بھی اتفاق ہو چکا ہے، جس میں حزب اللہ کی شمولیت بھی متوقع ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک دنیا میں متعدد جنگیں رکوا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اہم ملاقات

انہوں نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی مؤثر انداز میں جاری ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق وہ جلد اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ خطے کی صورتحال پر مزید بات چیت کی جا سکے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک دور اسلام آباد میں پہلے ہی ہو چکا ہے، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں وفد نے شرکت کی تھی، جبکہ اب دوسرے مرحلے کے مذاکرات بھی اسلام آباد میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top