تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑی گراوٹ! خام تیل 83 ڈالر تک آ گرا، مزید کمی کا امکان

تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑی گراوٹ! خام تیل 83 ڈالر تک آ گرا، مزید کمی کا امکان

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں امریکی خام تیل کی قیمت 11 فیصد کمی کے بعد 83 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کمی کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی خبریں ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں سپلائی بڑھنے کی توقع پیدا ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ 90 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے، جس سے عالمی سطح پر توانائی مارکیٹ میں نمایاں تبدیلی کا عندیہ مل رہا ہے۔

دوسری جانب ایران کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت پر کسی قسم کی فیس عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس کے لیے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ دوست ممالک کے جہاز ایرانی افواج سے رابطے کے بعد گزر سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام یا سکیورٹی میں امریکا کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے، تاہم خطے کی سیاسی صورتحال اب بھی غیر یقینی کا شکار ہے۔

Scroll to Top