آج کی غلطیوں کا ازالہ کرکے اسلام آباد کو ٹف ٹائم دیں گے، صاحبزادہ فرحان

پاکستان سپر لیگ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں حیدرآباد کنگزمین کے ہاتھوں شکست کے بعد ملتان سلطانز کے بیٹر صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کی واپسی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کو کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ اس اننگز میں اسٹیو اسمتھ نے شاندار 106 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 66 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

جواب میں حیدرآباد کنگزمین نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے عثمان خان کی دھواں دار سنچری کی بدولت 214 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ جس انداز میں اسٹیو اسمتھ بیٹنگ کر رہے تھے، ٹیم کو بڑے اسکور کی امید تھی، تاہم انہوں نے مخالف ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہوتا ہے اور تمام ذمہ داری بولرز پر ڈالنا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اگلے میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی، خاص طور پر اسلام آباد کے خلاف ایک مضبوط کم بیک ہدف ہے۔

صاحبزادہ فرحان نے ذاتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے اسٹرائیک ریٹ کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دی ہے اور مسلسل محنت کے ذریعے اپنی بیٹنگ میں نکھار لا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر کھلاڑی واضح اہداف مقرر کرے تو کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عثمان خان نے پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی

انہوں نے مزید کہا کہ پاور ہٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے وہ میچ کی صورتحال کے مطابق پریکٹس کر رہے ہیں اور اسٹیو اسمتھ جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔

کراؤڈ کی کمی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی میچز میں شائقین کی غیر موجودگی محسوس ہوئی، تاہم اب کھلاڑی اس کے عادی ہو گئے ہیں، لیکن شائقین کی موجودگی کھیل کے حسن میں اضافہ کرتی ہے۔

اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، پی ایس ایل ان کے لیے کم بیک کا ذریعہ بنی، اور وہ ٹورنامنٹ کے بعد ریڈ بال کرکٹ کھیل کر ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا خواب رکھتے ہیں۔

Scroll to Top