راولپنڈیز نے پی ایس ایل میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں مسلسل 8 ناکامیوں کے بعد بالآخر راولپنڈیز نے فتح حاصل کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پنڈیز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے بولرز نے درست ثابت کر دکھایا۔

پنڈیز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں محض 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیون کونوے 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کرس گرین نے 29 اور مارک چپمین نے 23 رنز بنائے۔ راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر، سعد مسعود اور ڈائین فوسٹر نے دو دو شکار کیے۔

138 رنز کا ہدف راولپنڈیز نے 19ویں اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45 رنز بنائے، جبکہ کامران غلام 42 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ڈیرل مچل 32 اور ڈائین فوسٹر 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم، شاداب خان اور کرس گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان کو ان کی شاندار بیٹنگ پرمین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

Scroll to Top