پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں کراچی کنگز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، جہاں خوشدل شاہ کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا رخ بدل دیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد لاہور قلندرز نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے۔ لاہور کی جانب سے عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے بالترتیب 62 اور 61 رنز بنائے اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
کراچی کنگز کی بولنگ میں معین علی نمایاں رہے جنہوں نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حسن علی اور رضوان اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
200 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز کچھ خاص نہ رہا اور ابتدائی بلے باز جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ جیسن روئے، ریزا ہینڈرکس اور سلمان آغا خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، جبکہ اعظم خان بھی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم معین علی نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 39 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔
میچ کا فیصلہ کن مرحلہ اس وقت آیا جب خوشدل شاہ کریز پر آئے اور آخری اوورز میں دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شاہین آفریدی کے ایک اوور میں 23 رنز بٹورے اور اگلے اوور میں حارث رؤف کے خلاف صرف 4 گیندوں پر 14 رنز بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اس جارحانہ انداز کی بدولت کراچی کنگز نے ہدف 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : اعلی افسران کے تقرر و تبادلے ،نوٹیفکیشن جاری
خوشدل شاہ نے محض 14 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جبکہ کپتان ڈیوڈ وارنر نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس فتح کے بعد کراچی کنگز نے پلے آف کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے اور وہ لاہور قلندرز اور حیدرآباد کے ساتھ اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے مضبوط امیدوار بن کر ابھری ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو پشاور زلمی 17 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ حیدرآباد، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز 8، 8، 8 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں، جس سے پلے آف کی دوڑ مزید سنسنی خیز ہو گئی ہے۔





