اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی میراعجاز جاکھرانی کے صاحبزادے زید حسین جاکھرانی کراچی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں، جس سے سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی فضا پھیل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق زید حسین جاکھرانی گزشتہ چند روز سے زیرِ علاج تھے تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد اہلِ خانہ اور قریبی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین آبائی شہر جیکب آباد میں کی جائے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی میراعجاز جاکھرانی کے صاحبزادے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں : معروف پاکستانی اداکار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
اسی طرح گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی تعزیتی بیان میں میراعجاز جاکھرانی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
مرحوم کے انتقال پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔





