پشاور کے تعلیمی ادارے آئی ایم سائنسز میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی تقریب کے دوران خاتون صحافی کے ساتھ بدتمیزی اور کوریج سے روکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
تقریب میں میڈیا کو باقاعدہ کوریج کے لیے مدعو کیا گیا تھا، تاہم پختون ڈیجیٹل کی خاتون رپورٹر رانی عندلیب نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ کے سکیورٹی سٹاف نے رپورٹنگ سے روک دیا۔
رپورٹررانی عندلیب کے مطابق انہیں نہ صرف ہال کے اندر کوریج سے روکا گیا بلکہ بعد ازاں ہال سے باہر بھی ریکارڈنگ کرنے سے منع کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے خیبر پختونخوا کی یونیورسٹیوں کی صورتحال پر سوال کیا تو اس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے ان کی کوریج محدود کر دی۔
خاتون صحافی نے مزید کہا کہ اگر حکومت واقعی جمہوری اقدار اور نوجوانوں کے لیے آزادی کے دعوے کرتی ہے تو پھر اس طرح کے اقدامات سوالات کھڑے کرتے ہیں کہ یہ کیسی آزادی ہے۔
واقعے کے بعد صحافتی حلقوں میں بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا۔





