افغانستان طالبان رجیم کی جانب سے ایک بار پھر جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سول آبادی پر بلااشتعال گولہ باری کی گئی ہے۔
سرحد پار سے فائر کیا گیا ایک مارٹر گولہ مقامی شہریوں کریم خان اور رحمت اللہ کے گھر پر جا گرا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔
واقعے میں تیرہ، دس، آٹھ اور تین سالہ بچوں سمیت ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوری بعد پاک فوج نے فائر کرنے والی افغان پوسٹوں کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں حملہ آور اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
اہل علاقہ نے افغان طالبان رجیم کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی اس کارروائی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسی علاقے میں سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے تھے۔





