نیب کی درخواست پر بڑی کارروائی،انٹرپول نے ملک ریاض اور علی ریاض کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے

قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر انٹرپول نے معروف پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے علی ریاض کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

یہ پیش رفت 900 ارب روپے سے زائد کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں، کرپشن اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

نیب حکام کے مطابق ان کیسز سے متعلق تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور اس حوالے سے اہم ریکوریاں بھی کی جا چکی ہیں، جبکہ درجنوں دیگر ہائی پروفائل ریفرنسز اور انکوائریاں تاحال زیر سماعت ہیں۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ غیر قانونی زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت ملک کے مختلف حصوں اور بڑے شہروں میں لینڈ ریٹریول آپریشنز کیے گئے ہیں۔ برآمد شدہ اراضی اور جائیدادوں کی نگرانی کے لیے صوبائی سطح پر ایک خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کر دی گئی ہے۔

72 سالہ ملک ریاض بحریہ ٹاؤن کے بانی اور چیئرمین ہیں جبکہ ان کے بیٹے علی ریاض کمپنی کے سی ای او کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ دونوں شخصیات گزشتہ کئی برسوں سے زمینوں کی خریدو فروخت اور مالیاتی لین دین سے متعلق متعدد قانونی مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں۔

Scroll to Top