زکوٰۃ فنڈز کے مبینہ غیر قانونی استعمال کے کیس میں بڑا پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں 317 سرکاری ملازمین اور افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں تمام متعلقہ ملازمین کو نوٹس جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں ان کی تنخواہوں سے ریکوری بھی کی جائے گی۔
آڈٹ رپورٹ میں گریڈ 17 کے دو افسران اور گریڈ 1 سے 16 تک کے 315 ملازمین کی نشاندہی کی گئی ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر زکوٰۃ فنڈز حاصل کیے۔
حکام کے مطابق گریڈ 17 کے دو افسران کو 30، 30 ہزار روپے جبکہ دیگر سینکڑوں ملازمین کو 12، 12 ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ رپورٹ سامنے آنے کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں، جس کے بعد صوبائی حکومت نے فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ زکوٰۃ کمیٹیوں کے بعض ارکان کی مبینہ غفلت اور بے ضابطگیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جن کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔





