وزیراعظم کی بجلی صارفین کے حوالے سے اہم ہدایات جاری

وزیراعظم کی بجلی صارفین کے حوالے سے اہم ہدایات جاری

وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو صنعتی و گھریلو بجلی صارفین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت توانائی شعبے میں اصلاحات پر اجلاس ہوا، جس میں توانائی کی فراہمی میں سہولتیں بڑھانے اور قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ترسیل کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے لائن لاسز میں نمایاں کمی لانے اور توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔

انہوں نے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی تاکہ توانائی کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بجلی کے صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں آسانی کے لیے ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کی جائیں اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے جائیں۔

انہوں نے صنعتی ترقی کے لیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ گھریلو صارفین کے لیے سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور توانائی شعبے میں اصلاحات عوام و صنعت کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے کی جائیں گی۔

اجلاس میں گھریلو صارفین اور صنعت کے لیے بجلی کی کھپت سے متعلق سفارشات بھی پیش کی گئیں۔

Scroll to Top