امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں صحت بخش غذا اور پھیپھڑوں کے کینسر کے درمیان ایک غیر متوقع تعلق سامنے آیا ہے جس نے ماہرین کو مزید تحقیق پر مجبور کر دیا ہے۔
یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے محققین کے مطابق پھل، سبزیاں اور مکمل اناج پر مشتمل غذا استعمال کرنے والے غیر تمباکو نوش افراد میں کم عمری میں پھیپھڑوں کے کینسر کے کیسز نسبتاً زیادہ دیکھے گئے ہیں۔
تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ صرف ایک تعلق ہے اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ صحت بخش غذائیں کینسر کا سبب بنتی ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی ممکنہ وجہ خوراک میں موجود زرعی ادویات (پیسٹی سائیڈز) کے اثرات ہو سکتے ہیں، نہ کہ خود یہ غذائیں۔
محققین نے نوجوانوں میں پھیپھڑوں کے کینسر کی وبائیات کے مطالعے کے ڈیٹا کا جائزہ لیا، جس میں 187 مریض شامل تھے، جن میں اکثریت خواتین کی تھی۔
تحقیق کے مطابق زیادہ تر مریض تمباکو نوش نہیں تھے، جس نے اس رجحان کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:13 اقسام کے کینسر کا موٹاپے سے تعلق، ماہرین کا حیران کن انکشاف
مزید یہ کہ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ مانع حمل گولیاں استعمال کرنے والی خواتین میں بھی پھیپھڑوں کے کینسر کے کیسز کا تناسب زیادہ تھا تاہم اس تعلق کو بھی حتمی وجہ قرار نہیں دیا گیا۔
تحقیق کے مرکزی مصنف ڈاکٹر جارج نیوا کے مطابق اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے جس میں زرعی ادویات کے اثرات اور مختلف خطوں میں ان کے استعمال کا تفصیلی جائزہ شامل ہوگا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان نتائج کو احتیاط سے سمجھا جائے اور صحت بخش غذا ترک نہ کی جائے، کیونکہ متوازن خوراک مجموعی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے اور کئی بیماریوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔





