این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ادارے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور مری سمیت مختلف علاقوں میں ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح پشاور، سوات، مانسہرہ، چترال اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے، جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

 ادارے کے مطابق 2 سے 5 مئی کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ادارے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت دوبارہ حملے کی جرأت نہیں کرے گا، پاکستان امن کا خواہاں ہے، خواجہ آصف

این ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اور بارش کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے اور سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے، لہٰذا ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

Scroll to Top