چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال پاکستان سپر لیگ میں نئے وینیوز بھی شامل کیے جائیں گے تاکہ ایونٹ کو مزید بڑا اور دلچسپ بنایا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے لاہور کے شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فائنل میچ کے دوران تماشائیوں نے شاندار نظم و ضبط اور زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کا جذبہ دیدنی تھا۔
انہوں نے کہا کہ زندہ دلان لاہور کی کرکٹ سے محبت دیکھ کر وہ بے حد متاثر ہوئے، شائقین نے دونوں ٹیموں کو دل کھول کر داد دی اور میچ کو بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔ ان کے مطابق لاہور کے شہریوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ کرکٹ سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل فائنل میں شاندار کارکردگی، بہترین کھلاڑیوں اور ایوارڈز کا اعلان
محسن نقوی نے مزید کہا کہ فائنل میں شائقین کی شرکت کے حوالے سے اجازت لینا آسان نہیں تھا، تاہم وزیر اعظم کی دلچسپی کے باعث معاملات طے پا گئے، اگرچہ ایندھن کے کم استعمال کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ ایڈیشن پی ایس ایل 12 موجودہ سیزن سے بھی بڑا اور بہتر ہوگا۔





