خیبرپختونخوامیں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے اضلاع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پہلا آپریشن ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کے زیرِ سرپرستی کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے 4 خارجی ہلاک ہو گئے۔

دوسرا آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اور خارجی کو مؤثر طریقے سے نشانہ بناتے ہوئے انجام تک پہنچایا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف یہ مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top