خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اسٹیشن فتح خیل پر خوارج کی جانب سے کیا گیا ایک بڑا خودکش حملہ پولیس کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق خوارج نے بارود سے بھری ایک گاڑی پولیس اسٹیشن سے ٹکرانے کی کوشش کی تاہم، وہاں تعینات مستعد پولیس اہلکاروں نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی گاڑی پر فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں گاڑی زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
دھماکے کے باعث قریبی سول آبادی اور گھروں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ کئی گھروں کی چھتیں گرنے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جہاں فورسز اور خارجیوں کے درمیان تاحال شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے بنوں کینٹ پر خودکش حملے سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات کی تردید کر دی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ حملہ پولیس اسٹیشن فتح خیل پر کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔





